حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے ممتاز سائنسدان ڈاکٹر محسن فخری زادہ کی شہادت کی دوسری برسی کی تقریب جمعہ کو ۲ بجے دن سے ۴ بجے تک تہران میں واقع امام زادہ صالح علیہ السلام کے حرم میں عوام اور قومی و عسکری حکام کی موجودگی میں منعقد ہوگی۔
اس تقریب میں شاعران اہل بیت عصمت و طہارت علیہم السلام اور ایران کےدیگر مذہبی شعراء اپنا نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ شہید انجینئر محسن فخری زادہ مہابادی ،ایران کے نائب وزیر دفاع اور وزارت دفاع کے ریسرچ اینڈ انوویشن آرگنائزیشن کے سربراہ، پاسداران انقلاب اسلامی کے سابق سینئر رکن اور امام حسین یونیورسٹی میں فزکس کے پروفیسر تھے۔ وزارت دفاع کے سینئر سائنسدان اور فزکس ریسرچ سینٹر کے سابق سربراہ کی حیثیت سے انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے ایرانی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا لیکن اس سے ان کے عزم و ارادے پر کوئی فرق نہیں پڑا اور وہ مسلسل ترقی کرتے رہے۔ آخر کار ۱۷ دسمبر ۲۰۲۰ کو اسرائیل کے ایک دہشت گردانہ حملے میں شہید ہو گئے۔